پی ایس ایل فائنل،پی سی بی نے لیجنڈز کو بھلا دیا

179

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کھلاڑیوں کو پی ایس ایل فائنل کا میچ دیکھنے کے لیے دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ 2 کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے جن کرکٹرز کے نام پر انکلیوڑرز ہیں انہیں دعوت نامہ ہی نہیں بھیجا گیا۔معروف سابق کرکٹر جاوید میاں داد نے تصدیق کی ہے کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ جاوید میاں داد کے علاوہ عمران خان ،سرفراز نواز اور عبد القادر کو بھی دعوت نامے نہیں بھیجے گئے جس پر عبد القادر نے کہا کہ ہم تو صرف شو پیس بن کر رہ گئے ہیں،غیر ملکی کھلاڑیوں کو اہمیت دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے اعلان کے بعد جاوید میاں داد نے اس فیصلے کی کھل کر مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ لاہور میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل اورپاکستان کرکٹ کو خطرہ ہو سکتا ہے،اس لیے ابھی پی سی بی کا یہ فیصلہ غلط ہے۔