پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ ہفتے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیااور کے ایس ای 100 انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر 49600 پوائنٹس پر جا پہنچا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز مندی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 400 سے زائد پوائنٹس لوز کر گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر 48500 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیاصرف 2 روزہ مندی میں انڈیکس 559.52 پوائنٹس کم ہوگیا جبکہ 3 روزہ تیزی کے سبب انڈیکس میں 1175.33 پوائنٹس کااضافہ دیکھا گیا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے مارجن ٹریڈنگ کیلئے نئی پروڈکٹ لانے کی پیش گوئیوں کے باعث سرمایہ کاری مارکیٹ میں متحرک رہے اور انہوں نے منافع بخش شعبوں میں کھل کر سرمایہ کاری کی۔ مقامی اور غیر ملکی انویسٹرز نے خریداری میں بھی دلچسپی لی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو چائنیز کنسورشیم کی جانب سے 40 فیصد حصص کی 8 ارب 96 کروڑ روپے کی رقم موصول ہونے اور یہ رقم اگلے ہفتے تک اسٹاک بروکرز کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی خبروں پر آئندہ کاروباری ہفتے کے دوران کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے اور قوی امکان ہے کہ انڈیکس 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو ایک بار پھر عبور کر جائیگا۔
ہفتہ واررپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس پوائنٹس کی 6 بالائی حد عبورکرنے میں کامیاب رہا۔ گزشتہ ہفتے خریداری کے باعث کاروباری تیزی کے ساتھ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرانڈیکس 49800 پوائنٹس کی بلند سطح پردیکھا گیا تھا تاہم مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 48100 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی آگیا تھا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 615.81 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 49008 پوائنٹس سے بڑھ کر49623.81 پوائنٹس پرجا پہنچا اسی طرح 339.89 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 26932.02 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 33166.31 پوائنٹس سے بڑھ کر 33529.86 پوائنٹس پربند ہوا۔
کاروباری کے تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 10 ارب 86 کروڑ 37 لاکھ 26 ہزار736 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 97 کھرب 4 ارب 53 کروڑ 47 لاکھ 5 ہزار767 روپے سے بڑھ کر 98 کھرب 15 ارب 39 کروڑ 84 لاکھ 32 ہزار 503 روپے ہوگیا۔