آکلینڈ:جنوبی افریقہ آخری ون ڈے میں ہرا کرسیریزاپنے نام کرلی

191

جنوبی افریقہ نے پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-2 سےاپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، کیوی ٹیم کگیسو ربادا، عمران طاہر اور فلکوایو کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث 41.1 اوورز میں 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 32 جبکہ ڈین براؤنلی، جمی نیشم اور مچل سینٹنر نے 24 ، 24 رنز بنائے، مارٹن گپٹل چار، کین ولیمسن نو، روس ٹیلر آٹھ، لوک رونکی آٹھ، ٹم ساؤدی چھ اور جیتن پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سےکگیسو ربادا نے تین جبکہ عمران طاہر اور فلکوایو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقہ نے ہدف 32.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، فاف ڈوپلیسی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر نے 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے، اے بی ڈی ولیئرز 23 رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیتن پٹیل نے دو جبکہ گرینڈہوم اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کگیسو ربادا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔