بنگلور ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز

148

آسٹریلیا نے بنگلور ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنا لئے اور اسے 48 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ایم چناسوامی ا سٹیڈیم بنگلور میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 40 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو ڈیوڈ وارنر 23 اور میٹ رینشا 15 رنز پر کھیل رہے تھے، ڈیوڈ وارنر گزشتہ روز کے سکور میں محض 10 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد روی چندرن ایشون کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔82 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان سٹیون سمتھ 8 رنز بنا کر روندرا جدیجا کی گیند پر وردھیمن ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میٹ رینشا اور شان مارش نے تیسری وکٹ میں 52 رنز کا اضافہ کیا، رینشا 60 رنز بنانے کے بعد جدیجا کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ 160 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گر گئی جب پیٹر ہینڈزکامب 16 رنز بناکر جدیجا کا شکار بن گئے، ایشانت شرما نے مچل مارش کو صفر پر آؤٹ کیا، شان مارش 66 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد امیش یادیو کی گیند پر ایشون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد میتھیو ویڈ اور مچل سٹارک نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 237 رنز تک پہنچا دیا، میتھیو ویڈ 25 اور سٹارک 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

بھارت کی جانب سےروندرا جدیجا نے تین جبکہ ایشون، ایشانت شرما اور امیش یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔