بنگلور ٹیسٹ:بھارت نے 126 رنز کی برتری حاصل کرلی

109

آسٹریلیا کی ٹیم بنگلور ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری کے ساتھ 276 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بھارت نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا لئے اور اسے 126 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو بنگلور ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 237 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو میتھیو ویڈ 25 اور مچل سٹارک 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، اسٹارک آسٹریلیا کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر ایشون کا شکار بنے، روندرا جدیجا نے میتھیو ویڈ کو 40 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ناتھن لائن صفر اور جوش ہیزلووڈ ایک رن بناکر جدیجا کا نشانہ بنے، اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 87 رنز کی برتری کے ساتھ 276 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں، ایشون نے دو جبکہ ایشانت شرما اور امیش یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز میں بھارت نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا لئے اور اسے 126 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، لوکیش راہول 51 ، مکنڈ 16، ویرات کوہلی 15 اور روندرا جدیجا دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چیتشوار پجارا 79 اور اجنکیا راہانے 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جوش ہیزلوڈ نے تین اور سٹیو اوکیف نے ایک وکٹ حاصل کی۔