میلبرن کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے کرکٹ میں نئے قوانین متعارف کروانے کی منظوری دے دی، نئے قوانین کے تحت بلے کا سائز محدود کیا جائے گا جب کہ فٹ بال کی طرح ‘‘ریڈ کارڈ’’ سسٹم لایا جائے گا اور ایمپائر انتہائی نامناسب رویہ اپنانے والے کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیجنے کے مجاز ہوں گے، قوانین کا اطلاق رواں سال یکم اکتوبر سے ہو گا۔
میلبورن کرکٹ کلب نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال یکم اکتوبر سے نئے قوانین نافذ کیے جائیں گے جس کے مطابق بلے کی چوڑائی 108 ملی میٹر، اوپر اور نیچے سے موٹائی 40 ملی میٹر جب کہ درمیان سے موٹائی 67 ملی میٹر ہوگی، بلے کا سائز ماپنے کیلئے بلے کا گیج استعمال کیا جائے گا۔
نئے قوانین کے مطابق ایمپائر کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر وارننگ دینے، پنالٹی رن دینے یا پلیئر کو میدان سے عارضی یا مستقل طور پر باہر بھیجنے کے مجاز ہوں گے، اپیل پر بے جا زور دینے اور ایمپائر کے فیصلے پر برہمی یا ناگواری کا اظہار کرنے پر وارننگ جاری کی جائے گی جب کہ دوسری مرتبہ ایسا کرنے پر 5 پنالٹی رنز دوسری ٹیم کو دیئے جائیں گے۔کسی پلیئر کی جانب گیند پھینکنے یا جان بوجھ کر اس سے ٹکرانے پر بھی 5 رنز کا جرمانہ ہو گا، اس کے ساتھ ساتھ ایمپائرز کو دھمکانے یا کسی دوسری خلاف ورزی پر میدان سے باہر بھیج دیا جائے گا۔
نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود کھلاڑیوں کے کریز سے نکلنے پر رن آؤٹ کرنے کے قانون کو بھی مزید واضح کر دیا گیا ہے، باؤلرز گیند کرانے سے قبل نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود کھلاڑیوں کو کریز سے باہر ہونے پر آؤٹ کر سکتے ہیں، کھلاڑیوں کے حق میں رن آؤٹ کے قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، اگر رننگ کے دوران کھلاڑیوں کا بلا کریز پر پہنچ جانے کے بعد ہوا میں ہو اور وکٹیں اڑا دی گئی ہوں تو اس صورت میں وہ ناٹ آؤٹ قرار پائیں گے۔
ایم سی سی کے ہیڈ آف کرکٹ جان اسٹیفنسن نے کہا کہ کچھ سال سے بلے کے سائز پر گفت و شنید جاری تھی، سائز محدود کرنے کا فیصلہ بیٹ اور بال کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نئے قوانین ایم سی سی کی ان سفارشات پر مبنی ہیں جو گزشتہ سال ممبئی میں ہونے والے اجلاس میں پیش کی گئی تھیں۔