بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون ایک اور منفرد ریکارڈکے مالک بن گئے

180

مایہ ناز بھارتی ا سپنر روی چندرن ایشون منفرد ریکارڈ کے مالک بن گئے، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 25 مرتبہ اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لیکر نئی تاریخ رقم کر دی۔

روی چندرن  ایشون نے کینگروز کے خلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لیکر یہ سنگ میل عبور کیا، ایشون نے 47 میچز میں 25 بار اننگز میں پانچ یا زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے زیادہ بار اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لینے کا سابق پاکستانی باؤلر وسیم اکرم اور ہم وطن باؤلر ہربھجن سنگھ کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ بار اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سابق جادوگر سری لنکن اسپنر متھایا مرلی دھرن کو حاصل ہے جنہوں نے 67 بار یہ کارنامہ انجام دے رکھا ہے، شین وارن 37 بار یہ اعزاز حاصل کر کے دوسرے، رچرڈ ہیڈلی 36 مرتبہ کارنامہ انجام دے کر تیسرے، انیل کمبلے 35 مرتبہ یہ اعزاز پا کر چوتھے، گلین میگراتھ 29 مرتبہ یہ اعزاز پا کر پانچویں اور رنگناہیراتھ 28 مرتبہ یہ اعزاز پا کر چھٹے، این بوتھم 27 بار یہ کارنامہ انجام دے کر ساتویں اور ڈیل سٹین 26 بار یہ اعزاز پا کر آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ایشون نے 47 میچز میں 269 وکٹیں لے رکھی ہیں۔