پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز ملا جلا رحجان رہا ،کے ایس ای 100 انڈیکس کچھ پوائنٹس کے اضافے سے 49400 پوائنٹس کی سطح پر ہی بند ہوا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے17 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ منگل کے کاروبارکے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 49526 پوائنٹس پر پہنچا ہی تھا کہ منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ اور سرمائے کے انخلاء نے مارکیٹ کے مثبت رجحان کو منفی زون میں تبدیل کردیا جس کی وجہ سے انڈیکس کاروبار کے دوران ایک موقع پر 49216 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر گرگیا تھا۔ بعد ازاں توانائی،گیس ،ریفائنری ،اسٹیل اور بینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بدولت انڈیکس 49400 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر دوبارہ بحال ہو گیا۔
منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 17.82 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 49434.89 پوائنٹس سے بڑھ کر 49452.71 پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم 47.33 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 26800.93 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 33415.56 پوائنٹس سے گھٹ کر 33371.14 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری اتار چڑھاؤ کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 17 ارب 72 کروڑ 88 لاکھ 71 ہزار 73 روپے کے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 97 کھرب 80 ارب 9 کروڑ 75 لاکھ 38 ہزار 84 روپے سے کم ہوکر 97 کھرب 62 ارب 36 کروڑ 86 لاکھ 67 ہزار 11 روپے رہ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز 23 کروڑ 70 لاکھ 57 ہزارحصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 11 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ پیر کے روز 30 کروڑ 27 لاکھ 95 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 9 ارب روپے تک محدود رہی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روزمجموعی طوپر 392 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 135 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،239 میں کمی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔