ڈونیڈن ٹیسٹ:نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 341 رنز بنا کر آؤٹ

203

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 33 رنز کی برتری کے ساتھ 341 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنا لئے۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں جمعہ کو ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 177 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 78 اور جیتن پٹیل 9 رنز پر کھیل رہے تھے، پٹیل گزشتہ روز کے سکور میں محض سات رنز کا اضافہ ہی کر سکے اور ورنن فلینڈر کا شکار بن گئے۔ جمی نیشم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بناکر مورنے مورکل کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کین ولیمسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی 16 ویں سنچری سکور کی، وہ 130 رنز بناکر کگیسو ربادا کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، بی جے واٹلنگ نے 50 رنز کی اننگز کھیلی، مچل سینٹنر 4، نیل ویگنر 32 اور ٹرینٹ بولٹ دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 33 رنز کی برتری کے ساتھ 341 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشوو مہاراج نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، مورنے مورکل اور ورنن فلینڈر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنا لئے، خراب موسم کی وجہ سے تیسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، ہاشم آملہ 23 اور ڈین ایلگر 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،ا سٹیفن کک بغیر کوئی رن بنائے ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔