پاک فوج سی پیک کی حفاظت کیلئے پرعزم،دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنادیں گے،آرمی چیف 

214
پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، آرمی چیف
پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کے ایجنڈے سے بخوبی آگاہ اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

ہفتہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپیشل سیکیورٹی ڈویژن ہیڈ کوآرٹر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو سپیشل سیکیورٹی ڈویژن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،سیکیورٹی ڈویژن سی پیک پر چینی شہریوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کیلئے تشکیل دیا گیا ہے،اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج سی پیک کی حفاظت اوراس پر کام کرنے والوں کی سیکیورٹی کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے چین کی مدد کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کے ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہے اور دشمن کے منصوبوں کو شکست دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔پاک فوج سیکیورٹی کے حوالے سے ذمہ داری پوری کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کی تیاریوں اور انتظامات کو سراہا۔ اس سے قبل آرمی چیف کا سیکیورٹی ڈویژن کے سربراہ میجر جنرل عابد رفیق نے استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی موجود تھے۔