ڈونیڈن ٹیسٹ:جنوبی افریقہ نے چوتھے دن کے اختتام تک 224 رنز بنا لئے

111

جنوبی افریقہ نے ڈونیڈن ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا لئے اور اسے 191 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 38 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 12 اور ہاشم آملہ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ہاشم آملہ گزشتہ روز کے سکور میں محض ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد نیل ویگنر کا نشانہ بن گئے۔

ایلگر اور جے پی ڈومنی کے مابین 74 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ڈومنی 39 رنز بناکر نیل ویگنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ڈین ایلگر 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی انہیں جیتن پاٹیل نے کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، تیمبا بووما چھ رنز بناکر مچل سینٹنر اور کوئنٹن ڈی کاک چار رنز بناکر جیتن پاٹیل کا شکار بنے۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنالئے اور اسے 191 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، فاف ڈوپلیسی 56 اور ورنن فلینڈر ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر اور جیتن پاٹیل نے دو، دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔