ہولی کے تہوار میں امید کا پیغام ہے،نواز شریف

289

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کے تہوار میں امید کا پیغام ہے،آئین کی بنیاد پر شہریوں کے مساوی حقوق یقینی بنائیں گے ‘ کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

اتوار کو ہولی کے تہوار پر وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں ہندو برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان خطے میں آباد ہر قبیلے اور برادری کیلئے امن کا مرکز ہے۔ حکومت مذہبی اقلیتوں کے ساتھ قائد اعظمؒ کا عہد نبھانے کی پابند ے۔ انہوں نے کہا کہ فسادیوں کے ہاتھوں خطرات سے اقلیتیں بھی متاثر ہوئی۔ ہولی کے تہوار میں امید کا پیغام ہے۔ باعث افسوس ہے کہ فساد کیلئے اسلام کے نام کو استعمال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ آئین کی بنیاد پر شہریوں کے مساوی حقوق یقینی بنائیں گے۔ اسلام ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے۔ ملازمتوں اور دیگر معاملات میں اقلیتوں کو احساس محرومی نہیں ہونا چاہیے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ سب یکساں ہو کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر کوئی خود کو آزاد سمجھے۔ ہولی کا تہوار نیکی کے قائم رہنے اور بدی کی شکست کا پیغام ہے۔