پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی)کے ڈائریکٹر اکیڈمیز پی سی بی مدثر نذر نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کو آسان نہیں لینا چاہیے۔ ویسٹ انڈیز کی پچز اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز کیلئے سازگار ہوں گی۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مدثر نذر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کو آسان نہیں لینا چاہیے ویسٹ انڈیز میں کئی مرتبہ وکٹیں پوری طرح تیار نہیں ہوتیں وہاں اسپنرز کے ساتھ ساتھ فاسٹ باؤلرز کو بھی فائدہ ہوگا۔ پاکستان کو اپنی فل سٹرینتھ کے ساتھ کھیلنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی میں انگلینڈ کی کنڈیشنز پاکستان کے لئے مشکل ہوں گی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق چیمپئینز ٹرافی اور دو ہزار انیس ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز پی سی بی نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پوری دنیا کو مثبت پیغام ملا ہے۔