امیرجماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں انجینئرز کا کردار بہت اہم ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر شعبہ سے وابستہ افراد آگے بڑھ کر تعمیر اور ترقی کے کام میں اپنا حصہ ڈالیں،پاکستان انجینئرز فورم سینئر اور ینگ انجینئرز کے لیے ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم ہے اس کا مقصد صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، جماعت اسلامی کی اقامت دین تحریک اور جدوجہد جاری ہے۔پروفیشنلز بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے تحریک اور جدوجہدکا حصہ بنیں۔مخدوش حالات کے باعث کراچی میں بھی پیشہ وارانہ افرادی قوت کی تیار ی میں مسائل کا سامنا رہا ہے ،مایوسیوں کے بجائے امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیشنلز کے لیے قائم ادارے پاکستان انجینئرز فورم کراچی کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ ’’کیریئر گائیڈنس سیمینار فار ینگ انجینئرز ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے پاکستان انجینئرنگ کونسل سندھ چیپٹر کے نائب صدر ممتاز شیخ ،پاکستان انجینئر فورم کراچی کے صدر عزیز الدین ظفر،انجینئر بشیر لاکھانی ،انجینئر ہمایوں قریشی ، انجینئر احمد معاذ فوزی،ہینو پاک کے ریٹائرڈ جی ایم ایچ آر محمد اکرم نے سی وی رائٹنگ اینڈ انٹرویو اسکلز ،ٹریننگ امپیکٹ کے سی ای او حارث محمود، ای اینڈ ای ایکسپرٹ کے سی ای اوحافظ فرقان نے کیریئر لانچنگ پیڈ کے موضوع پر خطاب کیا جبکہ ایک پینل ڈسکیشن بھی ہوا جس میں سعید الرحمن، حافظ مزمل اور حافظ فرقان نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ سیمینار میں مختلف اداروں سے وابستہ سینئر انجینئرز اور ینگ انجینئرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پاکستان انجینئر فورم کی جانب سے ینگ انجینئرز کے لیے کی گئی یہ کاوش قابل ستائش ہے اور یہ کوشش اورسرگرمی نئے آنے والوں کے لیے مفید ثابت ہوگی ۔اس طرح کی اکیڈمک سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے نبی کریم ؐکی سنت اور طریقہ ہی ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور یہی نجات کا واحد راستہ ہے ۔اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ؐکو پیغمبر بناکر بھیجا اس لیے کہ وہ اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کی حکمرانی قائم کریں اور اللہ کے دین کو غالب کریں ۔ یہ دین غالب ہونے کے لیے آیا ہے اور اب ہمارا اور امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلبہ دین کے لیے جدوجہد کرے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کے لیے تحریک اور جدوجہد جاری ہے پروفیشنلز بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے تحریک اور جدوجہدکا حصہ بنیں۔یہ نے اسی لیے بنایا گیاہے کہ اس کے ذریعہ ماہرین اور اہلیت رکھنے والوں کو اپنے ساتھ شامل کریں اور ان تک دعوت اور پیغام پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے بارے میں لوگوں کا خیال تھا کہ یہ مغربی تہذیب میں رنگ گیا ہے اور یورپ کاحصہ بن گیا ہے لیکن حقیقت میں ترکی کے اندر اسلام ایک مؤثر اور متحرک قوت کی صورت میں موجود ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب رجب اردگان نے ہمیشہ اور ہر موقع پر امت مسلمہ کے مسائل پر آگے بڑھ کر اور دوٹوک انداز میں آواز اٹھائی ہے ۔ترکی کے انجینئر زنے بہت جدوجہد کی ہے جو ہمارے لیے مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ادارے تباہ کردیے گئے ہیں اور اس میں ہمارے حکمرانوں کا بڑا عمل دخل ہے۔ شہر کے اندر انفرااسٹکچر تباہ ہے و برباد ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر شعبہ سے وابستہ افراد آگے بڑھ کر تعمیر اور ترقی کے کام میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں انجینئرز کا کردار بہت اہم ہے۔ پاکستان انجینئرز فورم سینئر اور ینگ انجینئرز کے لیے ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم ہے ۔