کرپٹ حکمرانوں کو جیل میں چلے جائیں تو ملک کا مستقبل روشن ہوسکتاہے،سراج الحق

193

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کو ختم اور کرپٹ حکمرانوں کو جیل میں بند کیا جائے اور لوٹی گئی قومی دولت ملک میں واپس لائی جائے تو ہر شہری کو تعلیم اور صحت کی مفت سہولتیں مہیا کی جاسکتی ہیں۔

جماعت اسلامی ضلع پشاورکے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کو ایک ترقی یافتہ اور سپر پاور پاکستان بنانا چاہتی ہے،جماعت اسلامی کے پاس امانت دار ،دیانت دار اورباصلاحیت قیادت موجود ہے جو عوامی مسائل کو بہتر انداز سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سپورٹر ز اب عملی طور پر 2018کے انتخابات کیلئے منصوبہ بندی کریں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دوسال کے دوران جماعت اسلامی میں جن لوگوں نے شمولیت اختیار کی ہے اس میں پانچ سو کے قریب پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ہیں اسی طرح مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد شامل ہوئے ہیں اب ہم نے لاہور میں اجلاس طلب کیا ہے اور اس اجلاس میں ان باصلاحیت افراد سے اپنے اپنے شعبہ جات میں خدمات لینے کیلئے منصوبہ بندی کی جائیگی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 2018کے انتخابات کیلئے خوشحال پاکستان فنڈ قائم کیا ہے اور آپ لوگوں نے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہوگا ،کیونکہ جماعت اسلامی ہی ملک کی ایسی پارٹی ہے جو مکمل طور پر کارکن کی پارٹی ہے اسکا امیر بھی کارکن کی طرح کام کررہاہے اور اسی کارکن کی مالی امداد پر چل رہی ہے ،انہوں نے خوشحال پاکستان فنڈ مہم کے ذرئعے ہر گھر تک پہنچنے کی اپیل کی ،انہوں نے کہا کہ اب عملی اقدامات اٹھانے کا وقت آگیا ہے اور یہ عملی اقدامات آپ نے اپنے خاندانوں سے شروع کرکے اٹھانے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کہ قوم کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو کر پشن کے جن کو کنٹرول کر کے ملک اور قوم پر وسائل خر چ کرنا ہوں گے،آج وزیرخزانہ خود اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان کے اربوں ڈالربیرونی ملکوں کے بنکوں میں پڑے ہیں ، یہ پاکستان کے کر پٹ اشرافیہ کی وہ دولت ہے جو انھوں نے پاکستان سے چوری کر کے بیرون ملک منتقل کی ہے۔ اگر کرپشن کو ختم اور کرپٹ حکمرانوں کو جیل میں بند کیا جائے اور لوٹی گئی قومی دولت ملک میں واپس لائی جائے تو ہر شہری کو تعلیم اور صحت کی مفت سہولتیں مہیا کی جاسکتی ہیں۔بے روز گارنوجوانوں کو روز گار اوربزرگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  ملک میں کرپشن کے نئے نئے سکینڈلز سامنے آرہے ہیں اور عوامی نمائندوں کی زبان سے لوگوں کو بھلائی کی باتوں کی بجائے گالی گلوچ سننا پڑ رہا ہے۔حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ہر پاکستانی پریشان ہے ۔ملک میں انصاف کے ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ،عدالتی نظام سرمایہ دارانہ نظام بن چکا ہے اور غریب آدمی ساری عمر ایڑیاں رگڑتا رہتا ہے مگر اس کو انصاف نہیں ملتا ۔عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں۔ملک کو آگے لے جانا ہے تو کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ صحت کی سہولتیں مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔