منوہر پاریکر کا استعفیٰ منظور،ارون جیٹلی بھارت کے نئے وزیر دفاع مقرر

198

منوہر پاریکر کے بھارتی وزیر دفاع کے عہدے سے استعفے کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو وزیر دفاع کا اضافی چارج دیدیا گیا۔

بھارتی اخبار’’ٹائمز آف انڈیا ‘‘کی رپورٹ کے مطابق منوہر پاریکر نے ریاست گووا کے وزیر اعلی کا حلف اٹھانے سے قبل وزارت سے استعفی دیا۔بھارت کے ایوان صدر راشٹراپتی بھون کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ منوہر پاریکر کا بطور وزیر دفاع استعفی، وزیر اعظم نریندر مودی کی ایڈوائس پر قبول کرلیا گیا ہے جس کا فوری اطلاق ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی ہی ایڈوائس پر صدر پرناب مکھرجی نے کابینہ کے وزیر ارون جیٹلی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع کا اضافی چارج دینے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

منوہر پاریکر نے اپنا استعفی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے گووا میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے دعوے کے بعد دیا تھا۔وہ کل منگل کو گووا کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔یہ دوسرا موقع ہے جب ارون جیٹلی کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے دور حکومت میں وزیر دفاع کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

قبل ازیں انہوں نے 26 مئی 2014 سے 9 نومبر 2014 تک بھارتی وزیر دفاع کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔