خیبر پختونخوا کی خصوصی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فوج،انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق خیبر پختونخوا کی خصوصی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر تمام سول و فوجی حکام جس میں گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور کور کمانڈر پشاور بھی موجود تھے۔اجلاس میں افغان مہاجرین اور بارڈر مینجمنٹ پر غورکیا گیا۔
ایپکس کمیٹی میں صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور آپریشن ردالفساد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فاٹا کو قومی دھارے میں لانے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فوج،انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشتگردی اور عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں شدت پسندی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کی کوششوں کو سراہا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ 89 فیصد بے گھر افراد کی آبائی علاقوں میں واپسی ہو چکی ہے۔ فاٹا کا 93 فیصد علاقہ محفوظ بنا دیا گیا ہے۔