پاکستان اسٹاک مارکیٹ (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو سرمائے کے انخلاء اور حصص کی فروخت پر دباؤ کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 49200 پوائنٹس کی سطح سے کم ہو کر 48500 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، اسٹاک ماہرین کے مطابق 49 ہزار پوائنٹس کی سطح پر مارکیٹ کو تکینکی کریکشن کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس پوائنٹس کی 5 نفسیاتی حدیں گر گئیں۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 536.03 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس49191.75 پوائنٹس سے کم ہو کر 48655.72 پوائنٹس پرآگیا، اسی طرح 319.11 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 26285.91 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 33167.99 پوائنٹس سے گھٹ کر 32832.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 3 ارب 40 کروڑ 53 لاکھ 15 ہزار 474 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 96 کھرب 97 ارب 13 کروڑ 74 لاکھ 28 ہزار 832 روپے سے کم ہو کر 95 کھرب 93 ارب 73 کروڑ 21 لاکھ 13 ہزار 358 روپے رہ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز 13 کروڑ 30 لاکھ 42 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 7 ارب روپے تک محدود رہی جبکہ گزشتہ جمعہ 18 کروڑ 27 لاکھ 38 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 9 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز مجموعی طور پر 397 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 82 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 296 میں کمی اور 19 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔