پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کے علاوہ کسی کو نوٹس دینے سے متعلق ٹربیونل فیصلہ کریگا، اگر کوئی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو سمجھیں اس کا کیریئرختم ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بکیز نے فکسنک کے نئے طریقے نکال لئے ہیں۔ اب کھلاڑیوں کے رشتے داروں کی مدد سے فکسنگ کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو سمجھیں اس کا کیئریئر ختم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ شرجیل اور خالد لطیف کے خلاف ثبوت تھے اسلئے انہیں فوراً معطل کیا گیا۔شہریار خان نے کہا کہ بکیز نے اپنا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے،اب دوست اور رشتہ داروں کے ذریعے فکسنگ کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کمی کی وجہ سے کھلاڑی بکیز کے دھوکے میں آجاتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف نے شوکاز کا جواب دے دیا ہے۔ شرجیل خان اور خالف لطیف کا معاملہ زیر سماعت ہے۔ ٹریبونل کے فیصلے کو من وعن تسلیم کیا جائے گا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ کوچ نے بتایا کہ فٹنس کے معیار میں 3 سے 4 لڑکے بارڈر پر ہیں۔ کھلاڑیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جس کھلاڑی کی فٹنس نہیں ہوگی وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوگا۔
شہریار خان نے کہا کہ بھارت سے سیریز کا کوئی امکان نہیں، اس کے خلاف کورٹ میں جائیں گے۔