وزیرِ داخلہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،پاک برطانیہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو

162

وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور برطانوی ہوم سیکرٹری کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔

وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان موجودہ بہترین تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، برطانوی ہوم سیکرٹری کا دورہ جہاں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا وہاں اس دورہ سے دوطرفہ تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چند امور میں پاکستان کو تحفظات ہیں، امید ہے کہ برطانوی ہوم سیکرٹری کے دورہ سے ان تحفظات کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے حصول اور خطہ کے امن کیلئے ضروری ہے کہ باہمی تجربے اور قابلیت سے استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا مضبوط اور مربوط نظام رائج کیا جائے۔