آپریشن ردالفساد کا مقصد کامیابیوں کو دیرپا امن و استحکام میں بدلنا ہے،آرمی چیف

223

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپریشن ردالفساد کا مقصد کامیابیوں کو دیرپا امن و استحکام میں بدلنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطاب نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں دو روزہ پاک برطانیہ سیمینار جاری ہے ،ا سٹیبلائزیشن اور امن کوششوں کے تبادلے کے موضوع پر سیمینار کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ کئی برس کے دوران پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف کی جانیوالی کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے 2007-08 میں شروع کی جانیوالی فوجی مہم کی اہمیت اور پس منظر پر روشنی ڈالی جو آپریشن رد الفساد کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کا مقصد فوجی آپریشن کی کامیابیوں کو ملک میں پائیدار امن استحکام اور حالات کے معمول پر لانے کیلئے بروئے کار لانا ہے۔

قبل ازیں برطانوی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے پاکستان ، پاکستانی عوام اور فوج کی طرف سے پاکستان اور دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو سراہا۔ سیمینار میں برطانوی ہائی کمیشن کے ارکان سابق سفیروں ، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران مختلف تھنک ٹینکس اور یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔