کور کمانڈرز کا قومی مفادات کے تحفظ کا عزم ‘ اجلاس میں خطے کی صورتحال پر بھی غور

284

راولپنڈی(آن لائن +صباح نیوز+اے پی پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی داخلی سلامتی، مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آ ر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی،جس میں جغرافیائی و تزویراتی سیکورٹی ماحول کا جائزہ لیا گیا جب کہ مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے پاکستان پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا عزم دہرایا گیا کہ پاک فوج پاکستان کے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں کی جانے والی مثبت قومی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گی۔کانفرنس کے دوران ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد،افغانستان کے ساتھ بہتر بارڈر مینجمنٹ کے لیے ملٹری ٹو ملٹری روابط،ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور دیگر امور زیر غور آئے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں سیلاب کی صورت میں ضرورت پڑنے پر فلڈ ریلیف آپریشن اور فوجی اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔