جے آئی ٹی رپورٹ نواز شریف کے خاندان کا اعمال نامہ ہے‘ حلیم عادل شیخ

199

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ عمران نامہ نہیں بلکہ نواز شریف اور ان کے خاندان کا اعمال نامہ ہے، جیسے انہوں نے اعمال کیے آج انہیں ویسی ہی سزا ملنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور خاص میں تحریک انصاف کی جانب سے گو نواز گو ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی اسٹیشن چوک سے پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں ایم این اے لال کمار مالہی، ضلعی صدر نور محمد سیال، جان شیر جونیجو، اکبر پلی، ڈاکٹر مسرور، کامران میمن، امین اللہ خان سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ، لال کمار مالہی، نور محمد سیال اور دیگر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں نواز شریف پر چوری ثابت ہوگئی ہے، جس کے فوری بعد انہیں استعفا دینا چاہییے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، اس لیے اب انہیں عزت سے گھر چلے جانا چاہیے ورنہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام انہیں دھکے مار کر گھر بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ لوٹ مار نہ کرتے اور یہی پیسہ تھر اور جنوبی پنجاب میں لگایا جاتا تو وہاں پر خوشحالی ہوتی مگر ان کی لوٹ مار کی وجہ سے آج تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔ شہباز شریف کہتے تھے کہ وہ زرداری کو پنجاب کی سڑکوں پر گھسیٹیں گے مگر وہ یہ کام نہ کرسکے، اب پی ٹی آئی شریف خاندان کو کرپشن کی وجہ سے کھمبوں پر لٹکائے گی، ہم جے آئی ٹی رپورٹ کو سراہتے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں ملک میں بہت جلد ایک بڑی تبدیلی آنے والی ہے، جس کے بعد ملک کے کسی بھی مقام پر کرپشن کرنے والوں کو جگہ نہیں ملے گی۔ پاکستان کے عوام نواز شریف کو اب وزیر اعظم کے عہدے پر دیکھنا نہیں چاہتے۔ ریلی کے اختتام پر نواز شریف کی تصاویر نذر آتش کی گئیں۔