دیر بالا(وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خا ن نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں چالیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے مگر حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ قوم کو 2 روپے کے بجائے 18روپے فی یونٹ بجلی خریدنا پڑ رہی ہے جس سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوسکتا ۔ دیر بالا میں پچاس کے قریب چھوٹے بجلی گھر بناکر دیر کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔صوبے کی ترقی بالعموم اور دیر کی ترقی بالخصوص ہمارا ایسا خواب ہے جس کی تعبیر تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دیر کو خوشحالی کے جس راستے پر گامزن کیا ہے پورے صوبے میں اسی طرح کے اقدامات کریں گے۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے پاس پروگرام بھی ہے اور عملدرآمد کیلیے باکردار اور باصلاحیت قیادت بھی۔وہ گندیگار دیر بالا میں شمولیتی اجتماع اور سات کروڑ روپے کی لاگت سے بننے گندیگار چمرا واٹر سپلائی اسکیم کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطا ب کر رہے تھے ۔ تقریب سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک بہرام خان و دیگر قائدین نے بھی خطا ب کیا۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میںپہاڑی مقامات کو ترقی د ے کر دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات بنائے جاسکتے ہیں جس سے سالانہ پانچ کروڑ سیاح پاکستان آئیں گے اور اربوں ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ان علاقوں کو ترقی دی جائے تو پاکستانیوں کو مزدوری کے لیے امریکا مغرب اور خلیج نہیں جانا پڑے گا بلکہ بیرونی دنیا سے لوگ روزگار کے حصول کے لیے پاکستان کا رخ کریں گے ۔ ہم قرضہ لینے کے بجائے قرضہ دینے والے بن جائیں گے اور غریب ممالک کو امداد دے سکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انقلاب یہ نہیں کہ باہر سے وسائل حاصل کر کے ملک میں لگائے جائیں بلکہ اصل انقلاب یہ ہے کہ ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کریں اور سہارا لینے کے بجائے دوسروں کو سہارا دینے والے بنیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ معدنی وسائل ، جنگلات اور محنتی اور جفاکش لوگوں سے نوازا ہے ۔ ہم اپنے وسائل کے بہتر استعمال سے معاشی ترقی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔