ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کی عوام میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ریلی

194

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدر آباد امتیاز علی کلہوڑو کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کونسل بلڈنگ حیدرآباد سے پریس کلب حیدرآباد تک ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے انعقاد کا مقصد عوام تک ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا ۔آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فلاحی تنظیموں اور مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر کے اضلاع میں ڈسٹرکٹ ووٹرز کمیٹیز تشکیل دی ہیں جو بالخصوص خواتین ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنانے پر کام کر رہی ہیں ۔آگاہی ریلی کا آغاز ڈسٹرکٹ کونسل بلڈنگ حیدرآباد سے کیا گیا جس میں اے ڈی سی ون حیدرآباد ،غلام قادر جونیجو اور مختلف اداروں کے ملازمین کے ساتھ ساتھ منتخب بلدیاتی اداروں کے نمائندوں اور عورتوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ ریلی کا اختتام پریس کلب حیدرآباد پرہوا ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امتیاز علی کلہوڑو نے کہا کہ این جی اوز اور سی ایس اوز کے ساتھ مل کر ڈسٹرکٹ ووٹرز کمیٹی، اسکولز اور کالجز میں بھی ووٹرز کی رجسٹریشن کی اہمیت کے متعلق سیشنز کا انعقاد کرے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیاتی انتخابات 2015ء میں حیدرآباد میں ووٹرز کی تعداد 970,885 تھی جبکہ 2017ء میں یہ تعداد بڑھ کر 989438 تک جاپہنچی ہے جبکہ ہماری کوششوں میں یہ بھی شامل ہے کہ مرد اور خواتین ووٹرز میں موجود گیپ کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں عوام میں آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس کام میں ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ آنے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ٹرن آئوٹ حاصل ہو سکے ۔انہوں نے دیہاتوں میں رہنے والے بالخصوص خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈ ضرور بنوائیں تاکہ وہ بھی اپنا ووٹ کا حق ادا کر سکیں۔