عاقب نااندیش وزرا وزیراعظم کو عدلیہ سے ٹکرارہے ہیں‘ لیاقت بلوچ

154

لاہور ( نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پوری حکومت نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے اور انہیں معصوم ثابت کرنے میں لگی ہوئی ہے ، عاقبت نا اندیش وزرا وزیراعظم کو اداروں اور عدلیہ سے ٹکرا جانے کا مشورہ دے رہے ہیں ، جے آئی ٹی کی سی ٹی سکین میں ثابت ہوگیاہے کہ کرپشن کی بیماری وزیراعظم سے ان کے پورے خاندان میں پھیل چکی ہے ۔ اس موذی مرض کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ اس بیماری پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا ۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف تحریک پاناما لیکس سے بہت پہلے شروع کی اور ہمار ا جوموقف پہلے دن تھا ، آج بھی وہی ہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں سمیت سب کا احتساب کیا جائے اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری 5 روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے دفاع میں مصروف حکومت اپنی اصل ذمے داریوں پر توجہ نہیں دے رہی اور حکمرانوں نے اپنے ذاتی جھگڑوں میں قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران واویلا کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے حالانکہ جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ خطرہ خود حکمران بنے ہوئے ہیں ۔ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد اخلاقی طور پروزیراعظم کو پہلے دن ہی مستعفی ہو جاناچاہیے تھا ۔ حکومت کو موجودہ صورتحال سے دوچار کرنے والے وہ عاقبت نا اندیش وزرا ہیں جو وزیراعظم کو اداروں اور عدلیہ سے ٹکرا جانے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ علاوہ ازیںسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام فاٹا اصلاحات کے نفاذ اور ایف سی آر نامنظور تحریک کے سلسلے میں قومی سیمینار 19 جولائی کومنصورہ میں ہوگا ۔ سیمینار سے قومی قائدین ، مختلف سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنما اور فاٹا سے اہم قبائلی مشران و موجودہ و سابق اراکین قومی اسمبلی خطاب کریں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلو چ نے کہاکہ فاٹا سے ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرنے اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے جماعت اسلامی ایف سی آر نامنظور تحریک شروع کر رہی ہے ۔ اس تحریک کے دوران فاٹا کے اضلاع میں بڑے بڑے عوامی جلسے ہوں گے اور اگست میں فاٹا کے لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور دھرنا دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو ایف سی آر کی غلامی سے نکال کر انہیں پاکستان کے عام شہریوں کی طرح زندگی گزارنے کا آزادانہ موقع فراہم کیا جائے ۔اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، امیر العظیم اور فاٹا رہنمائوں نے شرکت کی ۔