امریکا دوست کے روپ میں دشمن ہے جو پاکستان کی سلامتی کیخلاف کام کرتا ہے‘ میاں مقصود

173

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے پاکستان کی فوجی امدادپر سخت شرائط اور بھارت سے دفاعی تعاون میں اضافے کے بل کی منظوری پرشدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا دوست کے روپ میں دشمن ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کیا ہے۔ وقت کااہم تقاضا ہے کہ امریکی ڈومورکے مطالبے کو مستردکرتے ہوئے ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جوپاکستان کی بقاکی ضامن ہوں اورملکی خودمختاری اوروقار کوتحفظ فراہم کرتی ہوں۔امریکا کی طرف سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کامطالبہ ناقابل فہم ہے۔حقانی نیٹ ورک افغانستان کااندرونی معاملہ ہے۔اس حوالے سے افغان صدراشرف غنی سے رابطہ کیاجائے۔پاکستان ایک ذمے دار،آزاد،خودمختار ایٹمی ریاست ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکا کی طرف سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ہیروقراردینا بدقسمتی ہے۔وہ غدار وطن شخص ہے جس نے قومی سلامتی کے اہم راز دشمنوں کو فراہم کیے،انہیں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔امریکا،بھارت اور اسرائیل کاگٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف پوری طرح سرگرم ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف پاکستان کے خلاف کفار کی سازشیں عروج پرپہنچ چکی ہیں تو دوسری جانب پاکستان کے حکمران امریکا کی کاسہ لیسی کا شکار ہیں۔عملاً امریکی غلام بن چکے ہیں۔جب تک امریکی غلام ابن غلام حکمران ہم پر مسلط رہیں گے ملک وقوم کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت پاکستان امریکا اور بھارت کے ساتھ دوستی کے خواب چھوڑ کر چین،افغانستان،سعودی عرب، ایران، ترکی اورروس کے ساتھ مل کر اپنی اقتصادی و خارجہ پالیسیوں کو مرتب کرے۔پاکستان کے 20 کروڑ عوام بھارت اور امریکا کو سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ممالک میں شمارکرتے ہیں جبکہ چین اور سعودی عرب ہمارے سب سے زیادہ دوست اورقابل اعتماد ممالک ہیں۔حکومت کو عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے خارجہ پالیسی بنانی چاہیے۔