کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا میں ڈینگی بخار کے وبائی شکل اختیار کرنے سے اب تک 300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق وبا مون سون کی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پھیلی ہے جن کی وجہ سے ملک بھر میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہے۔ ڈینگی وائرس مچھروں کے ذریعے پھیلتا ہے اور بارش کا گندا پانی اور گلا سڑا کچرا مچھروں کی افزائش میں مدد دیتے ہیں۔ سری لنکن حکام کے مطابق رواں سال اب تک ڈینگی کے ایک لاکھ سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے لگ بھگ 300 جانبر نہیں ہوسکے۔ وبا پر قابو پانے کے لیے ہلالِ احمر اور ریڈ کراس سمیت کئی بین الاقوامی تنظیمیں سری لنکا کی حکومت اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والے نجی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ ریڈ کراس اور ہلالِ احمر کے عہدے داران کے مطابق وبا سے ہزاروں افراد متاثر ہیں جس کے باعث سری لنکا کے بیشتر اسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض موجود ہیں۔