فلپائن: فوج کے ساتھ جھڑپ میں 4 کمیونسٹ باغی ہلاک

108

منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 4 مشتبہ کمیونسٹ باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ علاقائی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی مشرقی فلپائن میں اس وقت کی گئی، جب سیکورٹی فورسز اور باغیوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔ اس کارروائی میں کسی فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوجی دستے سارسوگون ریجن میں جمعے کے روز معمول کی گشت پر تھے کہ ایک گاؤں میں اچانک ان کا سامنا 30 باغیوں سے ہو گیا، جس کے بعد لڑائی شروع ہوئی۔ دوسری جانب
فلپائنی فوج کے مطابق جنوبی شہر مراوی میں اب بھی 60 عسکریت پسند فوج کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ اس شہر پر دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ عسکریت پسندوں نے قبضہ کر لیا تھا اور اب تک یہاں 630 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 470 شدت پسند تھے۔ ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ زیادہ تر عسکریت پسند رہنما دیگر جنگجوؤں سمیت تقریباً ایک کلومیٹر کے علاقے میں موجود ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ اب تک 59 افراد کو مراوی میں عسکریت پسندوں میں شامل ہونے کے لیے شہر میں داخلے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے ۔