سعودی اتحاد کی یمنی صوبے صعدہ کی سرحد پر گولہ باری‘ 40 باغی ہلاک

111

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی مشترکہ افواج نے مملکت کے صوبے جازان کے مقابل علاقے میں 40 حوثی باغیوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی میں فوج کو سعودی اپاچی ہیلی کاپٹروں کی معاونت بھی حاصل تھی۔ عرب ٹی وی کے مطابق چند روز سے سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر حوثی اور معزول صدر کی ملیشیاؤں کے عناصر کے جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ سعودی فوج نے باغیوں کو داخل ہونے کے لیے دانستہ طور پر مہلت دی تا کہ بعد ازاں ان کو اکٹھا تباہ کر دیا جائے ۔ تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں سعودی توپ خانوں اور براہ راست ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سعودی راکٹ لانچروں نے یمن کے صوبے صعدہ کی سرحد پر چھپ جانے والے حوثی جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوجی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی اس کارروائی میں مسلح ملیشیاؤں کے کم از کم 40 ارکان مارے گئے جب کہ ان کی متعدد عسکری گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
سعودی اتحاد ؍ بمباری