اسپین میں داخلے کی کوشش ، 70مہاجرین زخمی

498

میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) مراکش سے اسپین کے زیر قبضہ افریقی علاقے سبتہ میں داخل ہونے کی کوشش میں مزید 70 مہاجرین زخمی ہو گئے ہیں۔ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی فلاحی تنظیم ریڈکراس کے نمایندوں نے بتایا ہے کہ منگل کے روز زیریں صحارا کے افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے ان افراد نے خاردار تاروں کو عبور کرکے مراکش کے شمال میں واقع ہسپانوی علاقے سبتہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس کوشش میں 70 تارکین وطن زخمی ہوگئے، جن میں سے 14 کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپانوی پولیس نے بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 200 افراد نے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جن میں سے 60 کے قریب اس کوشش میں کامیاب بھی ہو گئے، جنہیں ریڈکراس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی افریقی ملک مراکش سے متصل 2 علاقے سبتہ اور ملیلہ اسپین کے قبضے میں ہیں۔ یورپ پہنچنے کے خواہش مند افریقی تارکین وطن سرحد پر نصب خاردار باڑ عبور کرکے یا سمندر میں تیر کر مراکش سے ان علاقوں میں پہنچنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ہسپانوی وزرات داخلہ کے مطابق رواں سال کی پہلی شش ماہی میں 3200تارکین وطن سبتہ اور ملیلہ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں اور یہ گزشتہ برس کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ان علاقوں میں داخل ہونے والے تارکین وطن کی تعداد سے دوگنا زیادہ ہے ۔
مہاجرین زخمی