مسلم لیگ ن نیا سربراہ منتخب کرے‘ الیکشن کمیشن

314

اسلام آباد( نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ اپنی جماعت کا نیا سربراہ منتخب کرے ۔منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے ن لیگ کے چیئرمین راجا ظفر الحق کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 ء کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا، نوازشریف نااہل ہوگئے ہیں لہٰذا ان کی جگہ ن لیگ نیا پارٹی صدر منتخب کرے۔الیکشن کمیشن نے اس بات پرزور دیا ہے کہ ن لیگ اپنے پارٹی آئین کے مطابق صدر کا منصب خالی ہونے پر ایک ہفتے میں نئے صدر کے چناؤ کی پابند ہے۔الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے 28 جولائی کو دیے گئے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے راجاظفرالحق سے کہا اگر کسی وجہ سے پارٹی کا کوئی عہدہ خالی ہو جاتا ہے تو یہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ 7دن کے اندر مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلا کر قائم مقام صدر منتخب کریں اور ساتھ ہی 45 دن کے اندر کمیٹی کا اجلاس بلا کر مستقل صدر کا انتخاب کرکے آگاہ کریں۔ راجا ظفر الحق سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھا کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس پر راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پارٹی کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔انہوں نے بی بی سی کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر اب تک جو بھی مشاورت ہوئی ہے اس میں اکثریتی ارکان کی یہی رائے ہے کہ نواز شریف کی سیاست سے نااہلی کے بعد پارٹی کی باگ ڈور شبہاز شریف کو سونپ دینی چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی اور انتظامی معاملات کی وجہ سے اب تک جماعت کے تنظیمی معاملات نظر انداز ہوتے رہے ہیں لیکن اب جماعت کے معاملات کو سنجیدگی سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔