غزہ: مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ 7 زخمی

158
غزہ: محصور پٹی کی سرحد پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیوں سے زخمی ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کی محصور پٹی غزہ کی سرحد پر مختلف مقامات پر جمعہ کے روز منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہروں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 7 نوجوانوں کو زخمی کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے مشرقی برج کیمپ، جبالیہ اور شمالی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سیکڑوں فلسطینی شہریوں نے جلوس نکالے۔ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ برج کیمپ میں اسرائیلی فوج نے شہریوں پر بم پھینکے، جس سے 5 شہری زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں بھی فلسطینی شہریوں کے ایک جلوس پر آنسوگیس اور دھاتی گولیاں برسائیں‘ جس کے نتیجے ایک شہری زخمی جب کہ دم گھٹنے سے کئی متاثر ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق آنسوگیس کے شیل سے 17 سالہ لڑکے کی ٹانگ میں شدید زخم آئے ہیں، جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ادھرشمالی غزہ کے علاقے مشرقی جبالیہ میں ایک 16 سالہ لڑکے کے سر میں آنسوگیس کا شیل لگا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔