بھارت ‘ مٹی کے تودے بسوں پر آگرے‘ 47مسافر ہلاک

234
شملہ: بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں مٹی کے تودے بسوں پر گرنے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع سے لاشیں نکالنے اور ملبہ اٹھانے میں مصروف ہیں

شملہ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں تودے گرنے کے ایک واقعے میں 2 مسافربسوں میں سوار کم از کم 47 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ بھارت کی شمالی ریاست میں ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے ضلع منڈی میں اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب مٹی کا ایک تودا دو بسوں پر آگرا۔ یہ علاقہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے 431 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق واقعے میں کم از کم 47 افراد مارے گئے۔ جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ہما چل پردیش کے ایک عہدیدار سندیپ قدام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 47 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ملبے تلے دبی بسوں سے مزید فراد کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ ریاست ہماچل پردیش کی نیشنل ڈیزاسٹر ریساپنس فورس کے ترجمان کرشن کمار نے خبر رساں ادارے رائٹرزکو بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ بظاہر آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی کا ایک بڑا ٹکڑا سڑک سے گزرنے والی 2 مسافر بسوں کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے نیچے گہری کھائی میں جاگرا۔ ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی شام تک تمام 47 لاپتا مسافروں کی لاشیں کھائی سے برآمد کرلی گئی تھیں جس کے بعد تلاش کا کام روک دیا گیا ہے ۔ بھارت کی پہاڑی ریاستوں میں خراب موسم خصوصاً مون سون کی بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔