لبنان میں داعش کے خلاف بڑی کارروائی

235
بیروت: لبنانی فوج شام سے متصل سرحدی علاقوں راس بعلبک اور قاع میں داعش کے خلاف کارروائی کر رہی ہے

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شام کے ساتھ ملحق سرحدی علاقے میں دہشت گرد تنظیم داعش کے عسکریت پسندوں کے خلاف عسکری کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس کارروائی میں میں فوج بھاری توپیں استعمال کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ لبنانی ائر فورس کے لڑاکا طیارے بھی ملک کی زمینی فوج کی مدد کر رہے ہیں۔ اس آپریشن میں راس بعلبک اور قاع کے علاقوں میں موجود داعشکے جنگجوؤں کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لبنان کے شامی سرحد سے ملحق شمال مشرقی علاقے پر جنگجو قابض ہیں۔



لبنانی خفیہ اداروں کے مطابق اس علاقے میں ایک ہزار سے زائد عسکریت پسند مورچہ زن ہیں۔ ہفتے کے روز شروع کی گئی اس کارروائی کا اعلان لبنانی فوج کے کمانڈر جوزف عون نے کیا۔ اس کارروائی کو فجر الجرود کا نام دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لبنانی فوج نے راس بعلبک کے نواحی علاقوں اور القاع میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔ ادھر ایک سیکورٹی ذمے دار نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے ٹھکانوں کو میزائلوں، توپ خانوں اور فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس دوران ذرائع نے باور کرایا ہے کہ فوج کئی سمت سے داعش کے ٹھکانوں پر ایک بڑا حملہ کرے گی۔



دوسری جانب لبنانی میڈیا نے بتایا ہے کہ لبنان کے صدر میشیل عون نے آپریشن کی نگرانی کے لیے وزارت دفاع کو ہدایات جاری کی ہیں۔