میانمر میں روہنگیا نسل مٹائی جارہی ہے‘ اقوام متحدہ

203
جنیوا: انسانی حقوق کے عالمی کمشنر زید رعد الحسین روہنگیا کے بحران پر گفتگو کر رہے ہیں

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر شہزادہ زید بن رعد الحسین نے میانمر کی ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوج کی وحشیانہ کارروائی کو قابل مذمت ٹھہراتے ہوئے اس پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی کارروائی گزشتہ ماہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے مبینہ حملوں کے ساتھ کسی طور بھی مناسبت نہیں رکھتا۔ شہزادہ زید نے پیر کے روز جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام انسانی حقوق کی کونسل کے سامنے کہا کہ 2لاکھ 70ہزار سے زیادہ افراد بنگلادیش فرار ہو چکے ہیں اور مزید سرحد پر محصور ہیں، جب کہ ما ورائے قانون دیہات کو نذر آتش کرنے اور قتل کی کارروائیوں کی بھی رپورٹس موجود ہیں۔



انہوں نے مزید کہا کہ میں میانمر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ حالیہ وحشیانہ فوجی آپریشن کو ختم کرے، انسانی حقوق کی تمام تر پامالیوں کی ذمے داری قبول کرے اور روہنگیا کی آبادی کیخلاف شدید امتیاز پر مبنی رجحان کو تبدیل کرے۔ موجودہ صورت حال واضح طور پر نسلی تطہیر کی مثال بن چکی ہے ۔