صومالیہ میں خودکش حملہ اور جھڑپیں‘ 18ہلاک

219
موغادیشو: مکہ مکرمہ اسٹریٹ کے قریب کار بم حملے کے نتیجے میں ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی ہے‘ امدادی کارکن کارروائی میں مصروف ہیں 

موغادیشو (انٹرنیشنل ڈیسک)صومالیہ میں عسکریت پسند تنظیم الشباب نے کینیا کی سرحد کے قریب ایک شہر پر قبضہ کرلیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق الشباب کے ترجمان نے کہا ہے کہ تنظیم نے پیر کے روز بلد حاوو نامی شہر اور اس میں واقع فوجی چھاؤنی پر حملہ کرکے قبضہ کرلیا۔ پہلے ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار چھاؤنی سے ٹکرائی، جس کے بعد فوج اور جنگجوؤں میں خونریز جھڑپ شروع ہوگئی۔ فوجی ذرائع کے مطابق جھڑپوں میں 10فوجیوں اور 7 جنگجو مارے گئے۔ تاہم بعد میں الشباب نے خود ہی پسپائی اختیار کرلی۔ تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 35 قیدیوں کو آزاد کرالیا ہے، جب کہ جھڑپوں میں 30فوجی مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب دارالحکومت موغادیشو میں ایک خودکش کار بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔



خبررساں اداروں کے مطابق یہ حملہ پیر کی سہ پہر دارالحکومت کی معروف مکہ مکرمہ اسٹریٹ میں ایک ہوٹل پر کیا گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز بلدوین شہر میں ایک ریستوران پر خودکش بم حملے میں 6 افراد مارے گئے تھے۔