واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلیٰ اقتصادی مشیر گیری کوہن نے کہا ہے کہ وہ پیرس ماحولیاتی معاہدے پر امریکی موقف کی تصدیق کرتے ہیں۔ یہ بات کوہن نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی ایک ضمنی میٹنگ میں کئی ممالک کے وزرا سے کہی۔ گیری کوہن کا کہنا تھا کہ پیرس معاہدے پر امریکی صدر اور انتظامیہ کا موقف بالکل واضح اور غیر مبہم ہے۔ پیرس میں 2015ء میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی کا معاہدہ کیا گیا تھا تاہم صدر ٹرمپ کی حکومت نے رواں برس معاہدے سے انخلا کا فیصلہ کیا تھا۔