لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی پولیس نے لندن میں میٹرو ٹرین پر بم حملہ کرنے والے مشتبہ ملزم کی شناخت جاری کردی ہے۔ اس کا نام یحییٰ فاروق ہے جس کی عمر 21 برس بتائی گئی ہے۔ شامی مہاجر یحییٰ فاروق کو 4 خفیہ پولیس اہل کاروں نے اس کے ایک دوست کے فرائیڈ چکن ریستوران سے پکڑا تھا۔ اس کی گرفتاری کلوز سرکٹ ٹی وی کی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی تھی۔ جس میں اس کو بم حملے کے لیے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فوٹیج دریائے ٹیمز کے کنارے واقع سن بری میں ایک مکان پر نصب کیمروں کے ذریعے بنی تھی۔اس میں اس مشتبہ حملہ آور کو جمعہ کی صبح بم دھماکے سے صرف 2 گھنٹے قبل ایک تھیلا لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ مشتبہ شامی مہاجر ایک برطانوی جوڑے ران اور پینی جونز کے ہاں مہمان کے طور پر رہ رہا تھا۔پولیس نے ہفتے کے روز ان کے مکان میں چھاپا مار کارروائی کی تھی اور اس کی میٹل اسکریننگ بھی کی تھی۔ ان کے بعض ہمسایوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کو اس مکان سے دھماکا خیز مواد بھی ملا تھا۔ لندن پولیس نے میٹرو ٹرین پر بم حملے کے الزام میں اب تک 2 مشتبہ افراد کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ابھی تک دوسرے مشتبہ شخص کی شناخت نہیں بتائی گئی ہے۔