شام میں امریکی بمباری سے مزید 20شہری شہید

276
دمشق: شام کے مشرقی صوبے دیرالزور میں عراقی سرحد سے متصل قصبے بوکمال پر امریکی اتحاد کی بم باری کا نشانہ بننے والے مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں امریکی اتحاد کی بم باری سے مزید 20 شہری شہید ہوگئے ہیں۔ شام کے مشرقی صوبے دیرالزور کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اتحادی طیاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب صوبہ دیرالزور میں عراقی سرحد کے قریب واقع بوکمال شہر کو نشانہ بنایا۔ جنگی طیاروں نے پناہ گزینوں کی عارضی رہایش گاہوں اور دیگر احاطوں کو نشانہ بنایا،

جس کے نتیجے میں کم از کم 20شہری شہید ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب اسدی فوج داعش کے زیر قبضہ شہر دیرالزور کو تین طرف سے گھیرے میں لے کر اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ عراق سے متصل اور تیل کی دولت سے مالا مال شامی صوبے دیرالزور داعش کا آخری اہم ٹھکانا قرار دیا جاتا ہے۔



خبر رساں ادارے رائٹرز نے اسدی فوج کے حوالے سے بتایا کہ مقامی ملیشیاؤں اور روسی عسکری مدد کے ساتھ فوج صوبے کے صدر مقام دیرالزور شہر میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اسدی فوج نے شہر کے کئی نواحی علاقوں سے داعش کو پسپا کرتے ہوئے تین طرف سے محاصرہ بھی کر لیا ہے۔

اسدی فوج نے گزشتہ ماہ ہی دیرالزور میں پچھلے 3 سال سے اپنے بڑے ٹھکانے قائم کرنے والے داعش کے جنگجوؤں کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔ روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے اتوار کے روز بتایا کہ اسدی فوج نے دیرالزور میں داعش کی ایک اہم سپلائی لائن منقطع کر دی ہے اور ایک اہم ضلع جعفرہ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔