جدہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کا ایک سمجھوتا طے پا گیا ہے ۔ سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیر دفاع مائیکل فیلن نے جدہ میں منگل کے روز ملاقات کے دوران فوجی اور سیکورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق اس سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں ۔ دونوں وزرائے دفاع نے ملاقات میں سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور بالخصوص دفاع کے شعبے میں مشترکہ رابطے کے میکانزم پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے خطے کی تازہ صورت حال اور جاری تنازعات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی بات چیت کی ہے ۔ ملاقات میں سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد العایش ، شاہی دیوان کے مشیر اور وزیر دفاع کے دفتر کے نگران فہد العیسٰی ،ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الروحیلی اور وزارت دفاع کے دوسرے عہدے دار اور اعلیٰ فوجی افسر شریک تھے ۔