مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان طویل تعطل کے بعد ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہ نماؤں نے غزہ کی پٹی میں حماس کی انتظامی کمیٹی تحلیل کیے جانے کے بعد مفاہمت کاعمل بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے صدر محمود عباس کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہ نماؤں نے گفتگو میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، مفاہمت کے لیے مصر کی زیرنگرانی کوششوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر عباس نے یقین دلایا کہ وہ فضاکو سازگار بنانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی کے انتظامی امور قومی حکومت کے سپرد کیے جانے کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ بعض سابقہ فیصلے اور اقدامات ختم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ حماس انتشار و اختلافات ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ دوسری جانب حماس کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کے خلاف اٹھائے گئے تمام انتقامی اقدامات فوری منسوخ کیے جائیں۔