مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف کی مصری جیل میں وفات پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ حماس نے مرحوم کی قضیہ فلسطین اور عالم اسلام کے حوالے سے گراں قدر خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کومسلم امہ کے لیے سانحہ قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف جمعہ کے روز مصر کی ایک جیل کے زیرانتظام اسپتال میں 89 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ حماس نے مہدی عاکف کے انتقال پرگہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سابق مرشد عام نے قضیہ فلسطین سمیت عالم اسلام کے سلگتے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ وہ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے لیے آخری بار گرفتاری تک مقدمہ لڑتے رہے ہیں۔ فلسطینی قوم آج اپنے حقوق کے لیے مقدمہ لڑنے والے ایک وکیل سے محروم ہوگئی ہے۔ حماس نے اخوان المسلمون، مصری قوم اور مرحوم کے عزیز واقارب کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
مہدی عاکف ؍ حماس