لیبیا میں ٹرمپ انتظامیہ کی پہلی فوجی کارروائی

344

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی فوج کی افریقی کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز امریکی فوج نے لیبیا میں شدت پسند تنظیم داعش کے ایک کیمپ پر 6 حملے کیے ہیں جن میں 17 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق امریکی فوج کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد لیبیا میں امریکی فوج کی یہ پہلی کارروائی ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے جنوب مشرقی شہر سرت سے 240 کلو میٹر دور داعش کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔ داعش اس کیمپ کو لیبیا کے اندر اور باہر مختلف کارروائیوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس کے علاوہ اس کیمپ میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ذخیرہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل امریکی فوج نے لیبیا میں آخری فوجی کارروائی اوباما کے دور میں کی تھی۔