ٹرمپ نے 8ممالک کے خلاف نئی سفری پابندیاں لگادیں

559

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی انتظامیہ نے ہجرت اور نقل مکانی کے حوالے سے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں بعض ممالک کے شہریوں پر پابندی کو سخت کرنے کے علاوہ بعض مزید ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ سوڈان کا نام نئی فہرست میں سے نکال دیا گیا ہے۔ نئے فرمان میں 8 ممالک کے شہریوں پر امریکا کے سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فہرست میں شمالی کوریا، وینزویلا اور چاڈ کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ ایران، لیبیا، صومالیہ، یمن اور شام کا نام سابقہ فہرست میں بھی شامل تھا۔ فرمان میں ہر ملک کے لحاظ سے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ شمالی کوریا اور چاڈ کے تمام شہریوں پر امریکی اراضی میں داخل ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے



جب کہ وینزویلا سے متعلق پابندی صرف سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ پر لاگو ہو گی۔ نئے حکم نامے میں سامنے آنے والی پابندیوں کا اطلاق 18 اکتوبر سے ہو گا۔ ان کا اعلان اتوار کی شام حالیہ پابندیوں کی مدت ختم ہونے کے موقع پر کیا گیا ہے۔ فرمان جاری ہونے کے کچھ دیر بعد صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے۔