کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کی جنوبی ریاست وکٹوریہ میں پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جرم میں 26 پولیس افسران اور اہل کاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ باقاعدہ تفتیش کے بعد کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے ملنے والی رپورٹس میں پولیس کی جانب سے زیادتی اور مجرمانہ لوٹ مار سے متعلق رویوں کی تفتیش کے لیے قائم ایک آزاد ٹاسک فورس کی رپورٹ عام کر دی گئی ہے۔ اس تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2015ء سے اب تک تقریباً 100 سے زائد ایسے واقعات کا پتا چلا ہے کہ جن میں پولیس اہل کار جنسی استیصال اور امتیازی سلوک میں ملوث پائے گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایسے دوسرے الزامات کی تفتیش جاری ہیں۔
پولیس کمشنر گراہم آسٹن نے کہا میں ان خاتون افسران سے ادارے کی طرف سے معافی مانگتا ہوں جن کا پولیس فورس کی جانب سے جنسی استیصال کیا گیا ہے اور اب ایسے واقعات کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔