یمن میں تحقیقات پر سعودی حکومت کی دھمکی

158

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے یمن میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے متعلق بین الاقوامی تحقیقات کی ایک مجوزہ قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک کے خلاف اقتصادی اقدام کی دھمکی دی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وہ خط دیکھا ہے جس میں سعودی عرب نے ایسا کہا ہے۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سربراہ زید رعد الحسین نے یمن میں ہونے والے مظالم کے خلاف آزادانہ جانچ کے لیے انسانی حقوق کونسل میں لابی بنانے کی بارہا کوشش کی ہے۔ تاہم ابھی تک سعودی عرب کسی ایسی بین الاقوامی جانچ کو نہ ہونے دینے میں کامیاب رہا ہے۔



امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سعودی خط 2 مغربی ممالک کو بھی بھیجا گیا ہے۔ ان 2 ممالک کے جنیوا میں سفارتکاروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کو سعودی عرب کی جانب سے خط ملا ہے۔ تاہم جب جنیوا میں سعودی سفیر عبد العزیز عواسل کو یہ خط دکھایا گیا، تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ان کو علم نہیں ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے مارچ 2015ء سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب پر شہری ٹھکانوں، بازاروں اور اسپتالوں پر بمباری کے الزامات ہیں۔