ادارہ ترقیات کراچی نے گلستان جوہر بلاک 14، 15 میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رہائشی و کمرشل پلاٹس اور پلے گراﺅنڈ کو منہدم کردیا گیا۔

1258

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں متعلقہ محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے لئے بھرپور قوت سے آپریشن کررہا ہے،

آپریشن کا سلسلہ مکمل کے ڈی اے اراضی واگزار کرانے تک جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کی سربراہی میںگلستان جوہر میں قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ بلا تفریق آپریشن جاری ہے، جمعہ کے روز گلستان جوہر میں بلاک 14، 15 میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی رہائشی و کمرشل پلاٹس، پلے گراﺅنڈ کو پولیس، رینجرز اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں بھاری مشینری کے ذرےعے منہدم کردیا گیا۔

گلستان جوہرمیں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن جاری رہے گا، اور کسی بھی قسم کے دباﺅ کو خاطر میں لائے بغیر آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے جبکہ واگزار اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے نگرانی کا نظام نافذ کردیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ رضا محمد قائم خانی، ایگزیکٹو انجینئر گلستان جوہر غلام محمد و دیگر افسران موجود تھے۔