قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ملازمین نے بھی ہیلتھ الاؤنس کا مطالبہ کر دیا

535
NICVD
NICVD

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس کی منظوری کے بعد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) کے ملازمین نے بھی ہیلتھ الاؤنس کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد تینوں اداروں کو حکومت سندھ کے زیر انتظام کر دیا گیا تھا تو دو اداروں کے ملازمین کو حکومت سندھ کی جانب سے ہیلتھ الاؤنس کی ادائیگی اور ایک ادارے کے ملازمین کو نظر انداز کرنا غیر منصفانہ عمل ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ این آئی سی وی ڈی بھی حکومت سندھ کے ہی زیر انتظام ہے لہٰذا اس ادارے کے ملازمین کے ساتھ سوتیلوں والا رویہ اختیار نہ کیا جائے اور ان کے لیے بھی فوری ہیلتھ الاؤنس منظور کیا جائے بصورت دیگر این آئی سی وی ڈی کے ملازمین احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ اس ضمن میں این آئی وی سی ڈی کی ایک ذمے دار سے ”جسارت“ نے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کے ملازمین کے لیے بھی ہیلتھ الاؤنس کی کوششوں کا آغاز پیر سے کریں گے، یہ ملازمین کا حق ہے اور انہیں ضرور اور بالفور ملنا چاہیے، ہم اپنے دائرے میں رہ کر ملازمین کے حق کے لیے حکومت سندھ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام تک رابطہ کریں گے۔