ٹھٹھہ میں بہت جلد فلاحی اسپتال قائم کیا جائے گا،ڈاکٹر شریف ہاشمانی

564

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہاشمانی ز میڈیکل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ٹھٹھہ میں منعقدہ دو روزہ مفت میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپ میں دوران ٹیسٹ80 فی صد مریضوں میں ہیپا ٹائٹس بی اور سی کا انکشاف ہوا ہے،20 فی صد مریض ذیابیطس میں مبتلا پائے گئے ہیں، کیمپ کے دوران 123مریضوں کے موتیا کے مفت آپریشن کیے گئے۔ یہ بات ہاشمانی ز میڈیکل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین معروف آئی سرجن ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے منگل کو ہاشمانی ز اسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیمپ ٹھٹھہ کے قادر بخش بھٹو ٹرسٹ اسپتال میںمنعقد ہوا جس میں1100 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور 500 سے زائد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ اس دوران مریضوں کی موتیا سمیت ہیپا ٹائٹس پروفائل، کولیسٹرول اور ذیابیطس کی اسکریننگ بھی کی گئی، 500 مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ میں 80 فی صد مریضوں میں ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش ناک صورت حال ہے، ارباب اختیار کچھ کریں، یہاں جلد آنکھوں کی بیماریوں کا مفت اسپتال قائم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے دوران 123 مریضوں کے موتیا کے مفت آپریشن کیے گئے۔ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ ہاشمانی ز میڈیکل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ٹھٹھہ کے غریب عوام کی سہولت کے لیے بہت جلد آنکھوں سمیت دیگر بیماریوں کا فلاحی اسپتال قائم کیا جائے گا جہاں لوگوں کی عزت نفس مجروح کیے بغیر انہیں مقامی اور کراچی سے آنے والے سینئر ماہر سرجنز اور فزیشنز سے علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیماری کی بروقت تشخیص اس کے مکمل علاج کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ غریب عوام مالی سکت نہ ہونے کے باعث اسپتالوں کا رخ نہیں کرتے اور اپنی بیماری بڑھاتے رہتے ہیں پھر جب بیماری شدید یا لاعلاج ہو جاتی ہے اور موت کے قریب پہنچ جاتے ہیں تو تب بڑے اسپتال آتے ہیں۔ ٹھٹھہ میں اسپتال کے لیے قادر بخش بھٹو ٹرسٹ کے روح رواں قادر بخش بھٹو نے ہائی وے پر واقع اپنی عمارت فراہم کر دی ہے جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔